حیدرآباد 27 مئی (سیاست نیوز) دوکانات کے شٹرس توڑ کر سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ایک عادی سارق کو گاندھی نگر پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ بسواراج عرف سلیم ساکن لنگرحوض نے جو نارائن پیٹ محبوب نگر کا متوطن ہے 18 فروری کو آر پی روڈ سکندرآباد میں واقع ایک دوکان کے شٹر کو آہنی سلاخ سے توڑ کر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اندر داخل ہوا اور کاؤنٹر میں موجود 4 لاکھ روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا تھا۔ پولیس نے بسواراج کے 5 ساتھیوں کو بھی گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے۔ گرفتار ملزمین پرتعیش زندگی گزارنے کے لئے شٹر توڑ کر سرقہ کیا کرتے تھے اور یہ ٹولی علاقہ گاندھی نگر، کاچیگوڑہ، چادرگھاٹ، لنگرحوض اور شاہ عنایت گنج پولیس اسٹیشن حدود میں سرقہ کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہے۔ پولیس نے اِن کے قبضہ سے ایک لاکھ روپئے نقد رقم برآمد کرلی۔