حیدرآباد ۔ 26 ستمبر (سیاست نیوز) شوہر کے ہاتھوں جھلس جانے والی خاتون زخموں سے جانبر نہ ہوسکی ۔ پولیس ونستھلی پورم کے بموجب 35 سالہ اوما دیوی جس کی شادی 45 سالہ سرینواس متوطن محبوب نگر سے ہوئی تھی اور وہ شادی کے بعد سے ونستھلی پورم کے علاقہ شاتاواہنا نگر میں مقیم تھی اور انہیں دو بچے بھی ہیں۔ سرینواس جو پیشہ سے ایل آئی سی ایجنٹ ہے، اپنی بیوی کے کردار پر شبہ کیا کرتا تھا اور اس مسئلہ پر آئے دن میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا کرتا تھا۔ 24 اگست کو سرینواس نے اوما دیوی پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، بعدازاں اسے باتھ روم میں قید کرکے وہاں سے فرار ہوگیا۔ ماں کی چیخ و پکار سن کر بچوں نے دروازہ کھولا اور پڑوسیوں کی مدد سے اسے گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اوما دیوی شدید طور پر جھلس گئی تھی اور کل رات زخموں سے جانبر نہ ہوسکی۔ پولیس ونستھلی پورم نے سرینواس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔