شوہر کے ہاتھوں بیوی کا قتل

حیدرآباد 9 جنوری (سیاست نیوز) حیات نگر کے علاقہ میں پیش آئی سنسنی خیز قتل کی واردات میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد جلا دیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 42 سالہ مہیشوری اپنے شوہر کی جانب سے قتل اور جلا دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ مہیشوری جو سائی نگر حیات نگر علاقہ کے ساکن مدن چاری کی بیوی تھی ان کی شادی 20 سال قبل ہوئی تھی ۔ مہیشوری اپنے شوہر مدن چاری کی شراب نوشی سے تنگ آچکی تھی اور وہ آئے دن شراب نوشی سے منع کرتی تھی اس بات پر دونوں میں اکثر جھگڑا ہوا کرتا تھا۔ کل بھی دونوں میں جھگڑا ہوا اور اس دوران مدن نے اپنی بیوی کو قتل کردیا اور جلا دیا جس کے بعد اس نے بیوی کی خودسوزی کا ڈھونگ کیا تاہم مہیشوری کے رشتہ داروں کے الزام اور بنیادی تحقیقات کے بعد پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔