شوہر کے ہاتھوں بیوی کا قتل

حیدرآباد ۔ /13 فبروری (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں قتل کے واقعات کا سلسلہ روزانہ کی اساس پر ریکارڈ کیا جارہا ہے اور آج ایک تازہ ترین واقعہ میں بیوی کے کردار پر شبہ کرتے ہوئے ایک شوہر نے اس کا قتل کردیا ۔ تفصیلات کے بموجب گدوال کے متوطن محمد رفیع کی شادی دیڑھ سال قبل لالہ گوڑہ کی ساکن 24 سالہ نفیس بیگم سے ہوئی تھی ۔ محمد رفیع دوبئی میں ملازمت کیا کرتا تھا اور وہ جنوری کے پہلے ہفتے میں حیدرآباد آکر اپنی بیوی سے ملاقات کیلئے سسرالی مکان گیا تھا ۔ محمد رفیع نے بیوی کے موبائیل فون سے اپنے فون میں واٹس ایپ کو مربوط کرلیا اور وہ دوبارہ دوبئی واپس لوٹ گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ رفیع اپنی بیوی کے واٹس ایپ چیاٹنگ پر مسلسل نظر رکھا ہوا تھا اور اسے شبہ ہوگیا تھا کہ بیوی کوئی دوسرے شخص سے ربط میں ہے ۔ رفیع اپنی بیوی کو بغیر اطلاع دیئے کچھ دنوں قبل دوبارہ حیدرآباد واپس لوٹ آیا اور اس نے اپنی بیوی سے واٹس ایپ چیاٹنگ کے بارے میں دریافت کیا جس کے نتیجہ میں دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا ۔ محمد رفیع نے نفیس بیگم کو بات کرنے کے بہانے اسے سکندرآباد کی لوٹس گرانڈ ہوٹل کے کمرہ نمبر 502 میں طلب کیا اور اس کا اوڑھنی سے گلاگھونٹ کر مبینہ طور پر قتل کردیا ۔ ہوٹل کے منیجر نے نفیس بیگم کی نعش کو اس کے کمرے میں دیکھ کر گوپال پورم پولیس کو آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں سب انسپکٹر گوپال پورم پولیس اسٹیشن راما کرشنا اپنے ٹیم کے ہمراہ مقام واردات پر پہونچ گئے اور کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ محمد رفیع اپنی بیوی کا قتل کرنے کے بعد نعش کے پاس ہی بیٹھا رہا ۔ پولیس نے اسے حراست میں لیتے ہوئے مقتول خاتون کی نعش کو گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا اور قتل کا مقدمہ بھی درج کرلیا ہے ۔