شوہر کے ہاتھوں بیوی کا قتل،مقتولہ شریفہ بیگم کا قاتل شوہر رمیش مفرور

حیدرآباد ۔ /5 ستمبر (سیاست نیوز) مائیلاردیوپلی پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے سنسنی خیز واقعہ میں شوہر نے اپنی بیوی کا قتل کردیا ۔ تفصیلات کے بموجب 38 سالہ شریفہ بیگم کی شادی 11 سال قبل محبوب نگر کے رمیش سے ہوئی تھی اور انہیں دو بچے بھی ہیں جو ہاسٹلس میں زیرتعلیم ہیں ۔ رمیش نے چند دن قبل بالامنی نامی خاتون سے شادی کرلیا تھا جس کی اطلاع شریفہ بیگم کو ملی اور اس مسئلہ پر دونوں کے درمیان آئے دن جھگڑا ہوا کرتا تھا ۔ اور بیوی اپنے مائیکے چلی گئی تھی ، خاندان کے بڑے افراد نے رمیش کی اس حرکت کی سرزنش کی جس کے نتیجہ میں اس نے بالامنی کو چھوڑدیا تھا ۔ رمیش نے شریفہ بیگم کو دوبارہ اپنے مکان لے آیا اور وہ مائیلاردیوپلی میں مقیم تھے ۔ کل رات میاں بیوی کے درمیان زبردست جھگڑا ہوا جس کے بعد رمیش نے شریفہ بیگم کے سر پر مسل سے وار کردیا جس کے نتیجہ میں وہ برسرموقعہ ہلاک ہوگئی ۔ بیوی کا قتل کرنے کے بعد رمیش نے راہ فرار اختیار کرلی اور پولیس مائیلاردیوپلی نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ۔ نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ بغرض پوسٹ مارٹم منتقل کیا اور ملزم کی تلاش جاری ہے ۔