دوبئی 28 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) اوڈیشہ میں ایک شخص کی جانب سے اپنی شریک حیات کی نعش کو کندھوں پر منتقل کرنے کی اطلاعات پر حرکت میں آؒے ہوئے بحرین کی حکومت نے اطلاع ملی ہے کہ غمزدہ خاندان کی مالی مدد کرنے کی پیشکش کی ہے ۔ بحرین میں ہندوستانی سفارتخانہ کو ابھی تک وزیر اعظم بحرین خلیفہ بن سلمان الخلیفہ کے دفتر سے کوئی باضابطہ توثیق نہیں موصول ہوئی ہے ۔ بحرین میں ہندوستانی سفارتخانہ کے ذرائع نے کہا کہ بحرینی وزیر اعظم اس واقعہ پر ذرائع ابلاغ کی اطلاع پر حرکت میں آئے ہیں اور انہوں نے انسانی بنیادوں پر مدد کی پیشکش کی ہے ۔ انہوں نے کچھ عطیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ہم کو ابھی تک کوئی سرکاری توثیق نہیں ملی ہے کہ وہ کتنی رقم دینا چاہتے ہیںیا یہ رقم کب دی جائیگی ۔ ذرائع نے کہا کہ اگر اس طرح کا کوئی عطیہ دیا جانا ہے تو یہ دہلی میں بحرینی سفارتخانہ کے ذریعہ دیا جانا چاہئے ۔ گلف ڈیلی نیوز کی ایک اطلاع کے بموجب یہ رپورٹ دیکھنے کے بعد وزیراعظم کا احساس تھا کہ انہیں کچھ کرنا چاہئے ۔