شوہر کے قتل میں ملوث بیوی اور آشنا گرفتار

حیدرآباد /9 اگست ( سیاست نیوز ) بنجارہ ہلز پولیس نے شوہر کے قتل میں ملوث خاتون اور اس کے آشنا کو گرفتار کرلیا ۔ ناجائز تعلقات میں رکاوٹ کے سبب دیویکا اور اس کے آشنا نے دیویکا کے شوہر جگن کا 7 اگست کو قتل کردیا تھا ۔ اور اجنبی افراد کی جانب سے گھر میں داخل ہوکر مارنے کی کہانی بنائی گئی تھی اور خود خاتون ہی نے جرم کو بھی قبول کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ شوہر کے ظلم سے تنگ آچکی تھی ۔ تاہم پولیس نے موقع واردات کا معائنہ کرنے کے بعد شک کی سوئی کو بیوی کے ناجائز تعلقات کی جانب مبذول کیا اور سارے معاملہ کو منظر عام پر لایا ۔ 30 سالہ دیویکا اور 31 سالہ ٹوٹا بنرجی ایک سال قبل ایک ہی کمپنی میں کام کرتے تھے ۔ ان دونوں کی دوستی عاشقی اور اس کے بعد ناجائز تعلقات میں بدل گئے ۔ دیویکا اس کے شوہر جگن اور دو بچوں کے ساتھ گیانی ذیل سنگھ نگر فلم نگر کے ایک اپارٹمنٹ میں رہتی تھی ۔ اپنی معشوقہ سے دوری ختم کرنے کیلئے بنرجی نے بھی اس اپارٹمنٹ کے پینٹ ہاوز میں مکان کرایہ پر حاصل کرلیا اور جگن کی غیر موجودگی میں یہ لوگ اکثر ملاقات کرتے تھے ۔ دیویکا اس اپارٹمنٹ کی تیسری منزل پر رہتی تھی جگن کو بیوی کے ناجائز تعلقات کی بھنک لگی اور وہ رکاوٹ بن گیا ۔ اس رکاوٹ کو دور کرنے کیلئے دیویکا نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے آشنا کی مدد سے شوہر کا قتل کردیا ۔ پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا ۔