شوہر کے حملہ میں بیوی ہلاک ،ساس شدید زخمی

ٹپہ چبوترہ میں سنسنی ، ملزم مفرور اے سی پی کا دورہ
حیدرآباد یکم/ جون ( سیاست نیوز ) ٹپہ چبوترہ کے علاقہ میں ایک شخص نے اپنی بیوی اور ساس پر قاتلانہ حملہ کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس حملہ میں اس شخص کی بیوی ہلاک اور ساس شدید زخمی ہوگئی ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ ٹپہ چبوترا میں سنسنی پھیل گئی ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس آصف نگر ڈیویژن مسٹر غوث محی الدین نے ٹپہ چبوترا پہونچکر حالات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے بتایا کہ یشونت نے آج شام اپنے سسرالی مکان پہونچکر اپنی بیوی منجولہ اور ساس کلاوتی پر حملہ کردیا اور فرار اختیار کرلی ۔ اے سی پی کے مطابق حملہ آور یشونت کے ہمراہ ایک اور شخص بھی موجود تھا ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ یشونت اور اس کی بیوی کے درمیان تنازعہ میں حملہ کی وجہ ہوسکتا ہے ۔ چونکہ گذشتہ دیڑھ سال سے منجولہ اپنے بچے کے ہمراہ والدین کے مکان میں مقیم ہے ۔شوہر سے تنازعہ اور روزانہ کے جھگڑوں سے وہ تنگ آچکی تھی ۔ پولیس کے مطابق یشونت بے روزگار تھا اور اکثر اپنی بیوی سے جھگڑا کرتا تھا ۔ ان کی شادی 8 سال قبل ہوئی تھی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔