شوہر کی ہراسانی کا شکار خاتون کی خودسوزی

حیدرآباد ۔/18 اپریل (سیاست نیوز) شوہر کی ہراسانی سے دلبرداشتہ خاتون نے خودسوزی کی کوشش کی۔ پہاڑی شریف پولیس کے بموجب 24 سالہ مبینہ بیگم ساکن وادی مصطفی شاہین نگر کی شادی دستگیر سے ہوئی تھی اور انہیں ایک لڑکی بھی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ دستگیر گذشتہ چند دنوں سے مبینہ بیگم کے چال چلن پر شبہ کررہا تھا اور بدگمانی کے سبب اسے مسلسل ذہنی اذیتیں دے رہا تھا۔ شوہر کی ہراسانی سے دلبرداشتہ بیوی نے اپنے مکان میں خود پر کیروسین چھڑک کر آگ لگالی۔ اس واقعہ میں وہ 95 فیصد جھلس گئی اور علاج کیلئے اسے دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا جہاں پر اس کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔