حیدرآباد /28 جنوری ( سیاست نیوز ) میڈپلی کے علاقہ میں ایک 10 ماہ کی دلہن نے خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس خاتون کو مبینہ طور پر شوہر کی جانب سے اذیت و ہراسانی کا سامنا تھا ۔ جس سے تنگ آکر اس نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 22 سالہ دیپارانی جو پیرزادی گوڑہ علاقہ کے ساکن نوین ریڈی کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے کل رات انتہائی اقدام کرتے ہوئے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ دیپارانی اور نوین ریڈی کی شادی مارچ 2014 میں ہوئی تھی ۔ شادی کے چند ماہ بعد ہی سے اس خاتون کو مبینہ طور پر ہراسانی کا سامنا تھا ۔ شوہر نوین ریڈی زائد جہیز کیلئے رانی کو پریشان و ہراساں کر رہا تھا ۔ پولیس میڈپلی نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔
اقدام خودسوزی کرنے والے دودھ فروش کی موت
حیدرآباد /28 جنوری ( سیاست نیوز ) پہاڑی شریف کے علاقہ میں ایک شخص نے خودسوزی کرلی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 28 سالہ گنیش جو پیشہ سے دودھ کا کاروبار کرتا تھا ۔ توکوگوڑہ مہیشورم کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ اس نے مالی پریشانیوں کے سبب 15 جنوری کے دن اپنے جسم پر کیروسین ڈالکر خود کو آگ لگالی اور علاج کے دوران آج فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔