حیدرآباد /11 فروری ( سیاست نیوز ) بے روزگار شرابی شوہر کی مارپیٹ اور ہراسانی سے تنگ آکر ایک خاتون نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ رائے درگم پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 26 سالہ لکشمی نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے گذشتہ روز اپنے جسم پر کیروسن ڈالکر آگ لگالی اور علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ لکشمی مدھورا نگر علاقہ کے ساکن سدالو کی بیوی تھی ۔ لکشمی کا شوہر بے روزگار تھا اور شراب کے نشہ کا مبینہ عادی تھا ۔ نشہ کی حالت میں مکان ہونچکر اپنی بیوی کے ساتھ مبینہ جھگڑا کرنا اور اسے ہراساں و پریشان کرنا اور مارپیٹ کا نشانہ بنانا اس کی عادت بن گئی تھی ۔ اس کی بیوی لکشمی گھروں میں کام کرتے ہوئے اپنے گھر کے اخراجات کو برداشت کرتی تھی ۔ گذشتہ چند روز سے یہ بے روزگار لالچی اپنی بیوی سے شراب نوشی کیلئے رقمی مطالبہ کر رہا تھا اور رقم نہ دینے کی صورت میں اس خاتون کو مارپیٹ کا نشانہ بنارہا تھا ۔ لکشمی اور سدالو کی شادی سال 2004 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔