شوہر کی لاپرواہی کا شکار بیوی کی خودکشی

حیدرآباد /9 اپریل ( سیاست نیوز ) پہاڑی شریف کے علاقہ میں شوہر کی لاپرواہی سے دلبرداشتہ ایک خاتون نے خودکشی کرلی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 38 سالہ ساجدہ بیگم جو نیو بابا نگر علاقہ کے ساکن سید غوث کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے گذشتہ روز اپنے جسم پر کیروسین ڈالکر آگ لگالی اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ساجدہ بیگم کے رشتہ داروں میں شادی کی تقریب تھی اور اس شادی میں شرکت کیلئے خاتون نے تیاریاں مکمل کی تھیں تاہم عین تقریب میں شرکت سے قبل متوفی خاتون کے شوہر نے لاپرواہی کرتے ہوئے بیوی کو چھوڑ کر تقریب میں چلاگیا ۔ اس بات کا علم ہونے پر دلبرداشتہ ساجدہ بیگم نے خودسوزی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔