حیدرآباد /22 اپریل ( سیاست نیوز ) الوال پولیس نے شوہر کے قتل میں ملوث بیوی اور اس کے عاشق کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ ہفتہ ٹپر ڈرائیور 34 سالہ اکولہ نامی شخص کا قتل کردیا گیا تھا ۔ اس شخص کو اس وقت وزنی شئے سر پر ڈالکر ہلاک کردیا گیا تھا جب وہ محو خواب تھا ۔ پولیس نے اس قتل کیس کی تحقیقات کرتے ہوئے اکولہ کی بیوی اور اس کے عاشق کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق اکولا کی بیوی 30 سالہ خاتون نمرساماں اور اس کے عاشق کے درمیان مبینہ طور پر ناجائز تعلقات کا شوہر کو پتہ چل گیا تھا اور اس بات پر میاں بیوی میں جھگڑے شروع ہوگئے تھے ۔ اپنے شوہر کو راستے سے ہٹانے کیلئے اپنے عاشق کے ساتھ قتل کا منصوبہ تیار کیا اور حالت نیند میں اپنے شوہر کا قتل کردیا تھا ۔ پولیس نے دونوں کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔