شوہر کو دھکہ دینے والی بیوی کی خودسوزی

حیدرآباد /8 جنوری ( سیاست نیوز ) اپنے شرابی شوہر کو دھکہ دینے کے بعد خوف کا شکار بیوی نے خودسوزی کرلی ۔ یہ واقعہ کاچی گورہ پولیس حدود میں پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ پی رجنی جو کل رات علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ کاچی گوڑہ علاقہ کے ساکن مہیش کی بیوی تھی ۔ رجنی اور مہیش نے اپنی پسند سے شادی کی تھی اور سال 2012 میں ان کی شادی ہوئی تھی ۔ رجنی 8 ماہ کی حاملہ بھی تھی ۔ مہیش چکن کی دوکان میں کام کرتا تھا اور کثرت سے شراب کے نشہ کا عادی تھا ۔ شوہر کی اس عادت سے وہ تنگ آچکی تھی اور شراب پینے سے سخت ناراض تھی ۔ 4 جنوری کے دن مہیش شدید نشہ کی حالت میں اپنے مکان پہونچا اور میاں بیوی میں بحث و تکرار ہوئی ۔ اس دوران رجنی نے اپنے شوہر کو دھکہ دے دیا ۔ جس کے سبب وہ نیچے گر کر بے ہوش ہوگیا تھا ۔ تاہم رجنی نے اس خیال میں کہ وہ فوت ہوگیا ہوگا ۔ رجنی نے اپنے جسم پر کیروسن ڈالکر آگ لگالی اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔

سافٹ ویر انجینئیر کی مشتبہ موت
حیدرآباد /8 جنوری ( سیاست نیوز ) تارناکہ کے علاقہ میں ایک سافٹ ویر انجینئیر کی مشتبہ حالت میں موت کے بعد سنسنی پھیل گئی ۔ عثمانیہ یونیورسٹی پولیس کے مطابق 27 سالہ بی آنند کمار جو پیشہ سے سافٹ ویر انجینئیر تھا ۔ نووادیہ کالونی کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ جس کا آبائی مقام تاڑے پلی گوڑیم بتایا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق آنند کمار نے سینہ میں تکلیف کی شکایت کی اور وہ اس وقت اپنے آفس میں موجود تھا ۔ جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج وہ فوت ہوگیا ۔ آنند کمار کی موت پر شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ پولیس عثمانیہ یونیورسٹی مصروف تحقیقات ہے ۔