ناجائز تعلقات میں شوہر کی رکاوٹ ختم کرنے کی سازش کا شاخسانہ
حیدرآباد /18 ستمبر ( سیاست نیوز ) آشنا کیلئے شوہر کو اندھا بنانے اور اپنے بچے کو ہاسٹل منتقل کرنے والی خاتون بلاخر آشنا کے ہمراہ پولیس کے ہاتھوں گرفتار کرلی گئی ۔ ایل بی نگر پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 32 سالہ سریتا اور اس کے آشنا گوپال ریڈی کو آج گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سریتا نے اپنے شوہر راگھویندر کی آنکھوں میں زہریلے پتہ کے رس کو ڈالکر اسے اندھا کردیا تھا اور اس کام میں اس نے اپنے آشنا کی مدد لی تھی ۔ سریتا کا شوہر اس کے اور گوپال ریڈی کے درمیان جاری ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بن رہا تھا اور شوہر کے علاوہ اس خاتون کا ایک کمسن لڑکا بھی اس کے ناجائز تعلقات میں حائل تھا جس کو اس خاتون نے ہاسٹل منتقل کردیا اور اپنی بیٹی کو لیکر شوہر کو بے سہارا کردیا ۔تقریباٰ 8 ماہ تک رگھویندرا اپنی آنکھوں کی بینائی کی واپسی کیلئے جدوجہد کرتا رہا اور مختلف مقامات پر علاج بھی کروایا ۔ جس کے بعد علاج میں ناکامی سے تنگ آکر اس نے اپنی بیوی اور اس کے آشنا کے خلاف شکایت کردی ۔ جنہیں پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ راگھویندر پیشہ سے ڈیکوریشن کا کام کرتا تھا اور کاروباری لین دین کے درمیان گوپال ریڈی جو ضلع نلگنڈہ کے مریال گوڑہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے اس کے تعلقات دوستی میں بدل گئے ۔ گوپال ریڈی اکثر راگھویندر کے مکان آیا کرتا تھا ۔ اس دوران 37 سالہ گوپال ریڈی اور راگھویندر کی بیوی میں دوستی ہوگئی جو ناجائز تعلقات تک پہونچ گئی ۔ اس بات کا علم ہونے پر راگھویندر اپنی بیوی سے جھگڑنے لگا ۔ اپنے ناجائز تعلقات میں شوہر کو رکاوٹ محسوس کرتے ہوئے سریتا نے منصوبہ بنایا اور گذشتہ سال ڈسمبر کے مہینے میں رات دیر گئے اپنے آشنا گوپال ریڈی کو مکان طلب کیا ۔ اس وقت سریتا کا شوہر حالت نیند میں تھا دونوں نے ملکر زہریلے پتہ کا رس اس کی آنکھوں میں ڈال دیا جس کے سبب اس کی بینائی کم ہوگئی ۔ پولیس ایل بی نگر نے دونوں کو گرفتار کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔