شوہر کا قتل کرنے والی بیوی اور رشتہ دار گرفتار

حیدرآباد ۔ 2 فبروری (سیاست نیوز) والدین کے ہمراہ شوہر کا قتل کرنے والی بیوی اور اس کے رشتہ دار کو کیسرا پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہیکہ کیسرا پولیس حدود میں گذشتہ روز ایک نامعلوم نعش برآمد ہونے کے بعد کیسرا پولیس کے انسپکٹر بی پرکاش نے تحقیقات کا آغاز کیا۔ پولیس نے اطلاع کے بعد جائے مقام کا معائنہ کیا اور شواہد اکھٹا کئے۔ واردات کے مقام سے دستیاب شراب کی بوتلوں کو حاصل کرنے کے بعد پولیس نے شراب کی دوکانات سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کیا اور اس کی بنیاد پر دو افراد کو حراست میں لیکر ان سے علحدہ علحدہ پوچھ گچھ کی۔ اس دوران دونوں نے اپنا جرم قبول کیا۔ تاہم ابھی اس نعش کی شناخت باقی تھی کہ اس دوران مقتول کی والدہ نے اس کی شناخت کرلی۔ اخبار میں شائع نیوز کی بناء پر وہ کیسرا پولیس سے رجوع ہوئی۔ پولیس کیسرا نے اس کے بعد اپنی تحقیقات کو مزید تیز کردیا اور مقتول 35 سالہ سرینواس کی بیوی 28 سالہ سواپنا، ساس 52 سالہ لکشمی اور 63 سالہ خسر ملیشم کے علاوہ سواپنا کے رشتہ دار 50 سالہ یادگیری اور 50 سالہ شخص رمیش کو گرفتار کرلیا۔ ہراسانی سے تنگ آ کر بیوی نے منصوبہ بند طریقہ سے قتل کردیا۔ پولیس نے گرفتار افراد کو عدالتی تحویل میں دیدیا۔