شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کے ہاتھوں بیوی کا قتل

حیدرآباد۔/4اگسٹ، ( سیاست نیوز) سرورنگر کے علاقہ میں ایک خاتون کا شوہر اور سسرالی رشتہ داروں نے مبینہ انداز میں قتل کردیا اور اس خاتون کی نعش کو پانی کے سمپ میں ڈال کر اس کے مائیکے والوں کو اطلاع کردی۔ سسرالی رشتہ داروں پر شبہ کے سبب متوفیہ خاتون کا بھائی پولیس جمعیت کے ساتھ بہن کے سسرال پہنچ گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ وانی سری عرف جانکی اس کے سسرالی مکان میں مردہ پائی گئی۔ خاتون نوودیا کالونی کرمن گھاٹ کے ساکن ناگراجو کی بیوی تھی۔ اس کی شادی سال 2010 میں ہوئی تھی اور شادی کے ایک سال بعد ہی سے اسے ہراساں و پریشان کیا جارہا تھا۔ شادی کے وقت 4 لاکھ روپئے نقد رقم و دیگر ضروری سامان دیئے گئے تھے۔ تاہم اس کے باوجود اولاد نہ ہونے سے اس خاتون کو شوہر ، ساس اور نندوں کی جانب سے مسلسل ہراسانی کا سامنا تھا اور اس پر حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا گیا اور نعش کو سمپ میں پھینک دیا گیا۔ پولیس سرور نگر نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔