حیدرآباد /7 اگست ( سیاست نیوز ) لالچی شوہر اور لالچی سسرال والوں کی ہراسانی سے تنگ آکر دو خواتین نے خودکشی کرلی ۔ یہ دو علحدہ واقعات ایل بی نگر اور ایس آر نگر پولیس حدود میں پیش آئے ۔ ایل بی نگر پولیس کے مطابق 24 سالہ ایس پرینکا جو انوپما نگر سنہا پورم علاقہ کے ساکن سریکانت کی بیوی تھی اس خاتون ے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پرینکا کی شادی 6 سال قبل ہوئی تھی اور اسے جہیز میں ڈھائی لاکھ کی نقد رقم 20 تولہ طلائی زیورات و ضروری گھریلو ساز و سامان دیا گیا تھا ۔ اس کا ایک چار سالہ لڑکا بھی ہے ۔ سریکانت لالچی ہے جس نے بیوی کو ہراساں کرنا شروع کردیا ۔ شوہر کے مطالبہ پر پرینکا نے ایک مرتبہ اپنے مائیکے والوں سے تین لاکھ روپئے شوہر کو دلائے تاہم اس کے بعد بھی اس کی لالچ کم نہیں ہوئی اور اس نے بیوی کو ہراساں کرنا شروع کردیا اور مزید رقم کا اپنے سسرال والوں سے مطالبہ کر رہا تھا اور بیوی پر دباؤ ڈال رہا تھا جس سے تنگ آکر پرینکا نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ ایس آر نگر پولیس کے مطابق 38 سالہ نرملا جو ایس آر نگر علاقہ کے ساکن پورنا چندر کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آکر خودکشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔