عہدیداروں کو فیاکٹری میں داخل ہونے سے روکنے پر کشیدگی
بودھن /3 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظام دکن شوگر فیاکٹری شکر نگر بودھن یونٹ میں خدمت انجام دینے والے ملازمین نے اپنے کاموں کا مقاطعہ کرتے ہوئے مین گیٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا منظم کیا ۔ فیاکٹری ملازمین کی تین انجمنوں بی ایم بی ، سی ای ٹی یو اور ایچ ایم ایس نے مشترکہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دیکر NDSL انتظامیہ کے سامنے اپنے دیرینہ مطالبات پیش کئے ۔ شوگر فیاکٹری انتظامیہ کی جانب سے کسی مثبت عدم ردعمل کے باعث گذشتہ روز سے فیاکٹری کے باب الداخلہ پر بیٹھ کر احتجاج شروع کردیا اور عہدیداروں کو بھی فیاکٹری کے اندر داخل ہونے سے روک دیا جس کے باعث ہلکی کشیدگی پھیل گئی ۔ احتجاجی ملازمین نے بتایا کہ NDSL انتظامیہ اکٹوبر سال 2013 سے پے ریویژن پر عمل درآمد نہ کرتے ہوئے فیاکٹری ملازمین کی حق تلفی کر رہی ہے ۔ اس موقع پر JAC قائدین رمیش نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ کرشنگ سیزن کے دوران انتظامیہ نے ملازمین سے زائد خدمات لیتے ہوئے اوور ٹائم کی رقم کی تاحال اجرائی عمل میں نہیں لائی ۔ فیاکٹری انتظامیہ ہر ماہ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کرتی ہے اور پے ریویژن سے متعلق انٹریم ریلیف کی رقم کی اجرائی میں دو سال سے ٹال مٹول کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔ جے اے سی قائد رمیش نے کہا کہ NDSL کے ملازمین کے جائز مطالبات کی تکمیل تک احتجاج جاری رہے گا ۔