aحیدرآباد/3 مئی ( سیاست نیوز ) 62 ویں قومی شوٹنگ مقابلے (2018) کے بگ بور ایونٹ میں ریاست تلنگانہ کے ہونہار اتھیلیٹ ماسٹر عابد علی خان نے غیر معمولی بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے چار میڈل حاصل کئے ۔ جن میں انفرادی مقابلوں میں دو گولڈ ایک سلور اورٹیم ایونٹ میں ایک برونز میڈل شامل ہے ۔ بگ بور زمرہ میں شوٹنگ کے قومی چمپئن شپ مقابلے نیشنل رائفل اسوسی ایشن آف انڈیا کے زیر اہتمام 20 تا 29 اپریل مدھیہ پردیش کے مہوہ میں واقع آرمی مارکس مین شپ یونٹ ( اے ایم یو ) رینجس انفینٹری اسکول میں ہوئے تھے ۔ 300 میٹر کے جونئیر منس (آئی ایس ایس ایف) نیشنل چمپئن شپ انفرادی مقابلہ میں ماسٹر عابد علی خاں نے گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ 300 میٹر رائفل رینج جونیر منس ( آئی ایس ایس ایف ) سویلین چمپئن شپ زمرہ میں بھی انہیں پہلے اور دوسرے مقام کے ساتھ گولڈ اور سلور دو میڈلس حاصل ہوئے ۔ 300 میٹر رائفل منس ( آئی ایس ایس ایف) چمپئن شپ انفرادی اور ٹیم تلنگانہ کو 1704.0 اسکور کے ساتھ برونز میڈل حاصل ہوا ۔ انفرادی مقابلوں میں بھی ماسٹر عابد علی خاں کو 587/600 اسکور کے ساتھ برونز حاصل ہوا ۔ ان کے علاوہ ماسٹر شیام سندر 564/600 اور ماسٹر سید محمد محمود 553/600 کو بھی برونز میڈلس حاصل ہوئے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ماسٹر عابد علی خان ڈاکٹر صابر علی خان کے فرزند اور ڈاکٹر شاہد علی خان کے نبیرہ ہیں ۔