شوماکر ’کوما سے نکل آئے‘، سوئس ہاسپٹل کو منتقلی

لیون ، 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) اسکائنگ کے دوران شدید زخمی ہونے کے بعد مہینوں بے ہوش رہنے والے فارمولا ون کے چمپئن شوماکر اب ہوش میں آ گئے ہیں۔ شوماکر کے خاندان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 45 سالہ شوماکر کو اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے اور اب روبصحت ہونے کیلئے انھیں سوئٹزرلینڈ کے ہاسپٹل کو منتقل کر دیا گیا ہے۔ بیان میں عالمی چمپئن کے گھر والوں نے نیک خواہشات بھیجنے والے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انھیں ’’یقین ہے کہ ان کی نیک خواہشات سے شوماکر کو سہارا ملا‘‘۔ فرانس میں گزشتہ برس 29 ڈسمبر کو اسکائنگ کے دوران شدید زخمی ہونے کے بعد سے شوماکر گرینوبل کے اسپتال میں زیرِعلاج تھے اور وہ کوما میں تھے۔ اسکائنگ کے دوران پیش آنے والے اس حادثے کی تحقیقات کرنے والے ماہرین کہتے رہے ہیں کہ جب میربل کے پہاڑوں میں یہ حادثہ پیش آیا اس وقت شوماکر کی رفتار اسکائنگ کے اچھے کھلاڑی‘ جتنی ہی تھی۔ جرمنی سے تعلق رکھنے والے مائیکل شوماکر نے 2012ء میں دوسری بار ریٹائرمنٹ لی تھی۔ انھیں فرنچ پہاڑی سلسلہ الپ میں واقع ایک الپائن ریسارٹ میں اسکائنگ کے دوران اس وقت سر پر چوٹ آئی تھی جب ان کا سر ایک چٹان سے ٹکرا گیا تھا۔ اس ٹکراؤ کے نتیجے میں ان کا ہیلمٹ ٹوٹ گیا تھا جسے بعد میں حادثے کی تحقیقات کرنے والے ماہرین کے حوالے کر دیا گیا تھا تا کہ وہ ہیلمٹ پر لگے ہوئے کیمرے میں ریکارڈ شدہ مواد کی مدد سے حادثے کی وجوہات جان سکیں۔ شو ماکر کے کوما کے دوران گزرنے والی ان کی سالگرہ کے موقع پر ان کے مداحوں کے پیغامات کے جواب میں شوماکر کے خاندان نے کہا کہ وہ فراری کے مداحوں کی جانب سے ’ہمدردی کے جذبات اور پیغامات‘ سے اشک بار ہوگئے۔