شوری کی ناٹ آوٹ سنچری، دہلی نے ہماچل کو دیا 376 کا ہدف

نئی دہلی، 14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دھرو شوری (ناٹ آوٹ 106) کی شاندار سنچری سے دہلی نے اپنی دوسری اننگز چار وکٹ پر 281 رن پر ڈکلئیر کرکے ہماچل پردیش کے سامنے رنجی ٹرافی ایلیٹ گروپ بی میچ کے تیسرے دن بدھ کو 376 رنز کا ہدف رکھ دیا۔ فیروز شاہ کوٹلہ میدان پر کھیلے جا رہے اس میچ میں ہماچل نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 19 اوور میں ایک وکٹ پر 44 رن بنا لئے ۔ ہماچل کے کپتان پرشانت چوپڑا کو تیزگیندباز ایشانت شرما نے بولڈ کیا۔ پرشانت ایک رن ہی بنا سکے . اسٹمپ کے وقت پریانش کھنڈوری 22 رن اور وکٹ کیپر انکوش بینس 16 رنز بنا کر کریز پر تھے۔اس سے پہلے صبح دہلی نے ہماچل کو 223 رن پر سمیٹ دیا اور پہلی اننگز میں 94 رنز کی برتری حاصل کی۔ہماچل نے آٹھ وکٹ پر 216 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا اور اپنی اننگز میں سات رنز کا اضافہ کرنے کے بعد اس کے باقی دو بلے باز پویلین لوٹ گئے ۔ ورون سود نے 53 رن پر چار وکٹ، ایشانت نے 40 رن پر دو وکٹ اور وکاس مشرا نے 65 رن پر دو وکٹ لئے ۔