شوبھا ناگی ریڈی سڑک حادثہ میں ہلاک

کرنول میں انتخابی مہم سے واپسی کے دوران کار اُلٹ گئی

حیدرآباد 24 اپریل (پی ٹی آئی ) وائی ایس آر کانگریس کی سینئر قائد اور الا گڈہ کی رکن اسمبلی شوبھا ناگی ریڈی ضلع کرنول میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئیں ۔ تفصیلات کے بموجب ان کی کار سڑک پر سکھائے جانیو الے گیلے دھان پر سے پھسل کر الٹ گئی ۔ یہ واقعہ رات دیر گئے پیش آیا جب وہ الا گڈہ میں انتخابی مہم کے بعد لوٹ رہیں تھیں۔ شوبھا ناگی ریڈی کے ساتھ ان کا ڈرائیور اور ان کے دونوں باڈی گارڈز بھی زخمی ہوگئے ۔ ان تینوں زخمیوں کو نندیال ہاسپٹل منتقل کیاگیا جہاں وہ روبہ صحت ہیں۔ جبکہ شوبھا کو کیر ہاسپٹل بنجارہ ہلز منتقل کیا گیا جہاں انہوں نے آخری سانس لی ۔ پسماندگان میں شوہر بھوماناگی ریڈی سابق رکن پارلیمان ، دو لڑکیاں اور لڑکا ہے ۔ وہ چار مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوچکی تھیں وہ تلگودیشم دور حکومت میں اے پی ایس آر ٹی سی کی چیر پرسن بھی رہ چکی ہیں ۔ گورنر آندھرا پردیش مسٹر ای ایس ایل نرمسہن وائی ایس آر کانگرس صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی، وائی ایس آر کانگریس کی اعزازی صدر شریمتی وجیہ اماں ،پارٹی لیڈر وائی ایس شرمیلا اور دیگر سینئر قائدین نے ان کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔