شمس آباد ایرپورٹ میں انٹرنیشنل ڈپارچر کا آغاز

شمس آباد 23 اکٹوبر (سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد میں نوتعمیر شدہ انٹرنیشنل ڈپارچر کا آج آغاز ہوچکا ہے۔ تمام مسافرین کو پھول پیش کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا گیا۔ نئے ٹرمنل پر صرف انٹرنیشنل ڈپارچر ہے جبکہ قدیم ٹرمنل میں انٹرنیشنل آمد کے علاوہ نیشنل ڈپارچر اور آمد ہوگی۔ ایرپورٹ کے پورے احاطہ میں ریڈیولوجی پروگرام کے ذریعہ مسافرین کو لطف اندوز کیا جارہا ہے۔ ٹریفک کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ کی وجہ سے انٹرنیشنل ڈپارچر کے لئے علیحدہ ٹرمنل قائم کیا گیا ہے جو بالکل حج ٹرمینل کے قریب واقع ہے۔ ایس جی کے کشور چیف ایگزیکٹیو آفیسر GMIAL نے افتتاح کرتے ہوئے تمام اسٹاف کو مبارکباد پیش کی اور اپنے بیان میں کہاکہ 6 ماہ کے مختصر عرصہ میں نیا ٹرمنل تعمیر کیا گیا جو ایک ریکارڈ ہے۔ مسافرین کی آمد و رفت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ 20 ملین مسافرین کے نشانہ کو ہم عبور کرچکے ہیں اور آئندہ دو تین سال میں مزید اضافہ ہوگا۔ نئے ٹرمنل میں سیلف چیکنگ ریموٹ کے ذریعہ ہوگی جو ملک میں پہلی مرتبہ شمس آباد ایرپورٹ میں متعارف کیا گیا ہے اور آئندہ چند ماہ میں مسافرین کی سہولت کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔