شمس آباد ۔ 15 ؍ جون ( سیاست نیوز) شمس آباد کے موضع تونڈ پلی میں المناک سڑک حادثہ میں دو افراد ہلاک اور دس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے بموجب ایک تیز رفتار لاری بے قابو ہوکر تونڈ پلی کے قریب ایک پلسر گاڑی ‘ آٹو اور تین کاروں کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں دو افراد ہلاک اور تیرہ افراد زخمی ہوگئے ۔ شبیر احمد ساکن احمدنگر شمس آباد جو آٹو کے ذریعہ کتور سے شمس آباد آ رہے تھے ان کے ساتھ اسلم بھی موجود تھے لاری کے ٹکر سے شبیر احمد برسرموقع ہلاک ہوگئے اور اسلم شدید زخمی ہیں ۔ محمد رفیق ساکن ٹولی چوکی جو اپنے ساتھی نعیم کے ہمراہ پلسر گاڑی پر شادنگر جا رہے تھے کہ وہ بھی لاری کی زد میں آگے ۔ محمد رفیق برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ نعیم شدید زخمی ہیں ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی شمس آباد ‘ تونڈ پلی اور دیگر مقامات سے عوام جمع ہوگئے اور نیشنل ہائی وے پر احتجاج کرنے لگے جس کی وجہ سے ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا ۔ تقریباً تین گھنٹے تک عوام کا احتجاج جاری رہا ۔ شمس آباد کے محلہ امان نگر کی عوام نے ضلع کلکٹر ‘ راجندر رکن اسمبلی اور ڈسٹرکٹ منسٹر کو مقام حادثہ پر آنے کا مطالبہ کیا ۔ لیکن کوئی بھی عہدیدار مقام کا معائنہ نہیں کیا ۔ تین گھنٹے مسلسل احتجاج کرنے کی وجہ سے تقریباً 5 کیلو میٹر تک ٹریفک جام رہی جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ آخرکار شمس آباد اے سی پی سدرشن اور شمس آباد سرپنچ راچاملا سدیشور نے مقام پر پہنچ کر برہم عوام کو تیقن دیا کہ کل اس حادثہ کے متعلق بات کی جائیگی جس کے بھی عوام منتشر ہوگئے ۔ ٹریفک کی بحالی کے آر جی آئی اور رورل پولیس کو کافی جدوجہد کرنی پڑی ۔