شمس آباد کے موضع بڑا گولکنڈہ میں ڈکیتی کی واردات

چاقوؤں کی نوک پر 30 تولہ سونا، 20 تولہ چاندی اور 50 ہزار نقد رقم لیکر فرار

شمس آباد ۔ 13 مارچ (سیاست نیوز) شمس آباد کے موضع بڑا گولکنڈہ میں آج صبح کی ابتدائی ساعتوں میں ایک مکان میں ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔ تفصیلات کے بموجب دیویندر گوڑ 45 سالہ پیشہ کسان ساکن بڑا گولکنڈہ شمس آباد منڈل کے مکان میں صبح 3 بجے 9 رکنی ٹولی منہ پر کپڑے باندھ کر مکان کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے، جن میں پانچ ڈکیتوں نے مکان کے اندر داخل ہوکر دیویندر گوڑ کے ہاتھ پاؤں باندھ کر اس کی بیوی چندرا کلا، بیٹیاں انوشا، بھوانی اور شوانی کو چاقوؤں کی نوک پر ان کے گلہ، کان اور الماری میں موجود تمام زیورات کا سرقہ کرلیا اور انہیں دھمکی دی کہ اگر کسی نے بھی آواز کی تو انہیں جان سے مار دیا جائے گا۔ 4 افراد مکان کے باہر پہرہ دے رہے تھے۔ دیویندر گوڑ کی بیوی چندرا کلا کے بموجب جملہ 3 تولہ سونا، 20 تولہ چاندی اور 50 ہزار روپئے نقد رقم لوٹ لئے گئے۔ بھوانی کے بموجب تمام ڈکیت تلگو، ہندی اور اڑیسہ زبان میں بات کررہے تھے۔

بھوانی نے بتایا کہ 9 ڈکیت میں سے ایک کو وہ پہچان سکتی ہے اس کے اندازہ کے مطابق اس نے اس ایک ڈکیت کو کئی مرتبہ دیکھا ہے۔ تمام ڈکیت منہ پر کپڑا باندھے ہوئے تھے اور جسم پر صرف انڈرویئر ہی پہنے ہوئے تھے۔ اطلاع ملتے ہی شمس آباد ڈی سی پی رمیش نائیڈو، اے سی پی سدرشن مقام واردات پہنچ گئے۔ کلوز ٹیم اور سی سی ایس راجندر نگر کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ پولیس کے بموجب ڈکیتی کی واردات میں طلائی زیورات کا اندازہ لگانا مشکل ہے لیکن دیویندر گوڑ کے کہنے کے مطابق 30 تولہ سونا، 20 تولہ چاندی اور 50 ہزار روپئے بتائی گئی ہے جس کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہے۔ پولیس نے تیقن دیا کہ ڈکیتوں کو بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ اس سے قبل بھی اسی قسم کے پانچ واقعات ہوچکے ہیں۔ پولیس ہر زاویہ سے تحقیقات کررہی ہیں۔ دیویندر گوڑ کے بموجب 5 افراد منہ پر کپڑا باندھ کر مکان کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے۔ یہاں پر ڈکیتی کرنے کے بعد جیسے وقت بڑھتا گیا عوام کی چہل قدمی کو بڑھتا دیکھ کر تمام افراد مکان کے پچھلے حصہ سے فرار ہوگئے۔