حیدرآباد ۔ /3 مارچ (سیاست نیوز) شمس آباد زون کی پولیس نے میلاردیوپلی کے علاقے علی نگر میں کارڈن سرچ آپریشن کیا جس میں مشتبہ افراد کو حراست میں لینے کے علاوہ گاڑیاں بھی ضبط کرلی گئیں ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس شمس آباد زون این پرکاش ریڈی کی زیرنگرانی اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس راجیندر نگر کے اشوک چکرورتی کے ہمراہ 100 پولیس عملہ پر مشتمل ٹیموں نے علی نگر میں گھر گھر تلاشی مہم کی۔ اس کارروائی کے دوران پولیس نے 22 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جن کا تعلق مختلف ریاستوں سے بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے اس کارروائی میں 18 موٹر سائیکلیں ، 5 کاریں ضبط کرلی ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی عوام کی جانب سے علی نگر میں غیرقانونی سرگرمیوں میں اضافہ پر پولیس کو شکایت کی تھی جس کے نتیجہ میں کارڈن سرچ آپریشن کیا گیا ۔ اس موقعہ پر ڈی سی پی پرکاش ریڈی نے کہا کہ عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنے کی غرض سے یہ کارروائی کی گئی ہے ۔