شمس آباد ۔ 24 مئی ۔ ( سیاست نیوز ) شمس آباد سرکاری دواخانہ کے اسٹاف کی لاپرواہی کی وجہ سے مریض کو کئی گھنٹے ایمبولینس میں انتظار کرنا پڑا ۔ کل رات سرینواس 40 سالہ ساکن شمس آباد کی اچانک طبیعت بگڑ گئی اور 108 ایمبولینس کے ذریعہ اسے سرکاری دواخانہ شمس آباد لایا گیا جہاں پر گیٹ بند تھی ۔ ایم ایس او ناصر خان اور واچ مین کرشنا دونوں نشہ میںدھت تھے اور گیٹ کھولنے سے انکار کردیا جس کے بعد اس کی اطلاع ڈاکٹر سمپورنا کو دی گئی ۔ ڈاکٹر کے کہنے پر بھی گیٹ نہیں کھول گئی اور نائیٹ ڈیوٹی انجام دینے والی نرس بھی گھر چلی گئی تھی ۔ اس واقعہ کی اطلاع میڈیا کو ملنے پر میڈیا کے رپورٹرس مقام پر پہنچکر ڈاکٹر کو اس کی اطلاع دی جس کے بعد ڈاکٹر نے واچ مین کو گیٹ کھولنے کیلئے کہا جس کے کچھ دیر بعد گیٹ کھولی گئی اور مریض کو گلوکوز وغیرہ دیکر اس کی جان بچائی گئی ۔ سرکاری دواخانہ کاواچ مین شام کے ساتھ ہی شراب نوشی کرکے پڑار ہتا ہے ، انھیں حرکتوں کے سبب کئی افراد سرکاری دواخانہ کے بجائے خانگی دواخانہ میں علاج کو ترجیح دے رہے ہیں ۔