شمس آباد۔/3ستمبر، ( سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ شمس آباد میں آج شام ڈی آر آئی عہدیداروں نے ایک شخص کے قبضہ سے تین کیلو سونا برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کسٹمس مسقط سے عمان ایر لائنس کے ذریعہ آنے والے حیدرآبادی شخص کو حراست میں لینے کے لئے پہنچے ہی تھے کہ اس نے عہدیداروں کو اپنی جانب آتا دیکھ کر سونے کو باتھ روم میں چھپادیا۔ ڈی آر آئی عہدیداروں نے اسے حراست میں لیتے ہوئے تین کیلو سونا برآمد کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا۔
نامپلی میں پانچ موٹر سیکلوں اور تین کاروں کو ٹکر، ڈرائیور گرفتار
حیدرآباد۔/3ستمبر، ( سیاست نیوز) نامپلی علاقہ میں آج رات ایک بے قابو کار ڈرائیور نے 5موٹر سیکلوں اور تین کاروں کو ٹکر دے دی تاہم ٹریفک پولیس نے فوری طور پر اسے گرفتار کرلیا لیکن پولیس نے اس شخص کے تعلق سے تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 45تا50سالہ نامعلوم شخص جس کی شناخت کو پولیس نے ظاہر نہیں کیا ایمبسیڈر کار میں جارہا تھا کہ اس کار سے اس نے پانچ موٹر سیکلوں اور تین کاروں کو ٹکر دے دی جس کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔بے قابو کارڈرائیور کی حرکت پر مقامی افراد حیرت زدہ ہوگئے تھے۔