شمس آباد ایر پورٹ پر افریقی خاتون گرفتار

ڈرامائی کارروائی کے دوران 50 لاکھ روپئے مالیتی کوکین برآمد
حیدرآباد ۔ /30 اگست (سیاست نیوز) نارکوٹک کنٹرول بیورو (این سی بی) کے انتہائی سنسنی خیز خفیہ کارروائی کے دوران سیاہ فام افریقی خاتون کو گرفتار کرتے ہوئے اس کی شرمگاہ میں 50  لاکھ مالیتی پوشیدہ منشیات کا پتہ چلالیا ۔ بعد ازاں دواخانہ عثمانیہ منتقل کرتے ہوئے سرجری کے ذریعہ منشیات کو باہر نکال لیا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب 32 سالہ ساؤتھ آفریقی شہری موسائی موسی آج صبح شمس آباد راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پہونچنے پر اسے این سی بی عہدیداروں نے فوری حراست میں لے لیا ۔ آفریقی شہری ساؤتھ آفریقہ کے جوہانسبرگ سے براہ دوبئی ایمیریٹس ایرویز کی فلائیٹ EK526 سے حیدرآباد پہونچی تھی اور عہدیداروں کو مصدقہ اطلاعات موصول ہونے پر اسے شبہ کی بنیاد پر حراست میں لیتے ہوئے ایرپورٹ پر موجود اپولو ایمرجنسی دواخانہ کے عملہ کو خاتون کی جانچ کیلئے طلب کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ آفریقی شہری نے این سی بی عہدیداروں سے عدم تعاون کیا جس کے سبب اسے فوری دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے اس کے رحم سے 16 منشیات کے پیاکٹس باہر نکالے ۔ ڈاکٹرس نے موسائی موسی کے پیٹ کی سرجری کرتے ہوئے اس کے رحم سے مزید منشیات کے پیاکٹس باہر نکالے اور اسے اکیوٹ سرجیکل کیر وارڈ میں شریک کیا ۔ نارکوٹک کنٹرول بیورو کے ذرائع نے بتایا کہ افریقی شہری کی جانب سے ڈرگس اسمگلنگ کی پہلے سے ہی مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے پیش نظر اسے حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہونچنے پر حراست میں لے لیا گیا ۔ سیاہ فام خاتون کے رحم سے برآمد کئے گئے منشیات کو نارکوٹک کنٹرول بیورو فارنسک لیباریٹری منتقل کرے گی ۔عہدیداروں نے آفریقی خاتون کا پاسپورٹ بھی ضبط کرلیا ہے ۔ این سی بی کو شبہ ہے کہ افریقی شہری حیدرآباد اور ملک کے دیگر میٹرو پولیٹین سیٹیز میں موجود ڈرگس اسمگلرس کو منشیات حوالے کرنے والی تھی ۔ ذرائع نے بتایا کہ دواخانہ سے ڈسچارج پر اس کی تفتیش کی جائے گی اور این سی بی کو امید ہے کہ ملک کے بڑے ڈرگ ریاکٹ کا انکشاف ممکن ہے ۔