شمس آباد ایئرپورٹ سے بیرون ملک سفر پر فیس میں اضافہ

یکم جون سے 1955/-روپئے یوزرس ڈیولپمنٹ فیس مقرر ‘ بنگلور ‘ احمدآباد ‘ دہلی اور ممبئی کے مقابلہ حیدرآباد میں سب سے زیادہ فیس ‘ مسافرین پر بوجھ

حیدرآباد۔30مئی (سیاست نیوز) طیرانگاہ حیدرآباد سے بیرون ملک روانہ ہونے والے مسافرین کی یوزر ڈیولپمنٹ فیس میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کیا گیا ہے۔اس بھاری اضافہ کے اثرات حیدرآباد سے فضائی سفر کرنے والوں کی تعداد میںبتدریج گراوٹ ریکارڈکی شکل میں مرتب ہو سکتے ہیں۔ حیدرآباد طیرانگاہ پر وصول کئے جانے والے یوزر ڈیولپمنٹ چارجس ملک کی دیگر طیرانگاہ کے مقابل سب سے زیادہ ہیں ۔ یکم جون سے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ حیدرآباد سے جو بین الاقوامی مسافرین روانہ ہوں گے انہیں یو ڈی ایف کے طور پر 1955روپئے ادا کرنے پڑیں گے ۔ جبکہ اندرون ملک سفر کرنے والوں سے 495روپئے وصول کئے جا رہے ہیں۔ ہندستان میں موجود طیرانگاہوں میں وصول کئے جانے والے یوزر ڈیولپمنٹ فیس کے سبب نہ صرف مسافرین کو اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے بلکہ حیدرآباد طیرانگاہ سے بین الاقوامی پروازیں چلانے والی کمپنیوں کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور وہ مسافرین کے سوالات کا جواب نہیں دے پا رہے ہیں۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر جو یو ڈی ایف وصول کیا جا رہا ہے اس پر متعدد مرتبہ شکایات کی جا چکی ہیں لیکن اس کے باوجود مرکزی وزارت شہری ہوا بازی کی جانب سے یو ڈی ایف میں اضافہ کی اجازت فراہم کئے جانے سے مسافرین میں ناراضگی پیدا ہو رہی ہے۔

باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب 28مئی کو اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک کے تمام ائیر پورٹس کے یو ڈی ایف چارجس میں ترمیم کی جائے۔اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے ذریعہ فضائی سفر کرنے والے بین الاقوامی مسافرین سے سلاب سسٹم میں یو ڈی ایف وصول کیا جاتا ہے 2000کیلو میٹر کی مسافت تک کے مسافرین سے 651روپئے وصول کئے جا رہے ہیں جبکہ 2000تا5000کیلومیٹر کے درمیان کی مسافت میں سفر کرنے والے مسافرین سے 1030وصول کئے جاتے ہیں اور 5000کیلو میٹر سے زیادہ مسافت طئے کرنے والے مسافرین کیلئے 1301یو ڈی ایف مختص کیا گیا ہے اسی طرح اندرون ملک سفر کرنے والے مسافرین کو دو حصوں میں منقسم کیا گیا ہے جن میں 500کیلو میٹر تک کی مسافت والے مسافرین سے 282روپئے وصول کئے جا رہے ہیں جبکہ 500کیلومیٹرسے زیادہ کی مسافت طئے کرنے والے مسافرین کیلئے 564روپئے وصول کئے جائیں گے۔ اسی طرح ممبئی ائیرپورٹ پر آمد پر علحدہ علحدہ یو ڈی ایف وصول کیا جا رہا ہے۔احمدآباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر بین الاقوامی مسافرین سے 478روپئے وصول کئے جا رہے ہیں جبکہ اندرون ملک مسافرین کیلئے 127روپئے فیس مختص ہے۔ممبئی انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے بیرونی سفر کرنے والے مسافرین سے 631بطور یو ڈی ایف وصول کئے  جائیں گیجبکہ اندرون ملک مسافرین کو 316روپئے ادا کرنے ہوں گے۔

بنگلور انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے بیرونی سفر کرنے والے مسافرین کو 1410روپئے بطور یو ڈی ایف ادا کرنے ہوں گے اسی طرح اندرون ملک سفر پر انہیں 352روپئے ادا کرنا ہے۔ ملک کی دیگر طیرانگاہوں کے ذریعہ سفر کرنے والوں کو بھی اتنی رقم بطور یو ڈی ایف ادا نہیں کرنی پڑتی جتنی رقم حیدرآباد میں وصول کی جا رہی ہے۔ شہر حیدآباد سے بیرون ملک پرواز کرنے والے مسافرین کیلئے یو ڈی ایف میں کئے جانے والے اضافے کے اثرات عازمین حج پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ ریکارڈس کے مطابق حکومت کی جانب سے حوالہ کردہ اوقافی اراضی پر تعمیر کئے گئے اس ائیر پورٹ کے ذریعہ سفر مقدس پر روانہ ہونے والے مسافرین کیلئے بھی کوئی رعایت نہ دینے کے متعلق غور کیا جا رہا ہے سابق میں حکومت کی درخواست پر عازمین حج کے یو ڈی ایف میں 50فیصد کی رعایت فراہم کی جاتی رہی ہے۔ حیدرآباد ائیر پورٹ پر وصول کی جانے والی سب سے زیادہ یوزر ڈیولپمنٹ فیس میں تخفیف کیلئے مرکزی سطح پر نمائندگی کی جانا ضروری ہے۔ اس سلسلہ میں ریاستی حکومت اور ریاست کے ارکان پارلیمنٹ فیصلہ کرتے ہوئے مرکزی وزارت شہری ہوابازی سے نمائندگی کرتے ہیں تو نہ صرف مسافرین کو فائدہ حاصل ہوگا بلکہ دیگر بین الاقوامی ائیر لائنس کی جانب سے حیدرآباد سے مختلف مقامات تک راست پروازوں کا آغاز ہو سکتا ہے ے فی الحال حیدرآباد سے نئی ائیر لائنس اپنی پروازوں کے آغاز میں سنجیدگی نہیں دکھا رہی ہیں بلکہ یو ڈی ایف میںکئے جانے والے اضافہ پر گہری نظر مرکوز کئے ہوئے اور یہ کہا جا رہا ہے کہ اگر اسی رفتار میں یو ڈی ایف میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا تو اس کا اثر مسافرین کی تعداد پر پڑ سکتا ہے۔