شمس آباد /17 جون ( سیاست نیوز ) شمس آباد آر جی آئی پولیس اسٹیشن حدود میں گذشتہ پندرہ دنوں سے مسلسل سرقہ کی وارداتیں پیش آرہی ہیں جس سے پولیس پر سوالیہ نشان پیدا ہوگیا ہے ۔ گذشتہ پندرہ دنوں میں تقریباً 5 تا 10 لاکھ روپئے مالیتی زیورات و رقم کا سرقہ ہوچکا ہے ۔ شمس آباد آر جی آئی پولیس کی جانب سے روزانہ رات کے اوقات میں پٹرولنگ کی جارہی ہے جس کے بعد بھی سرقہ کی وارداتوں میں کوئی کمی نہیں ہو رہی ہے ۔ سارق مکانات میں داخل ہوتے ہوئے صرف زیورات اور رقم کا ہی سرقہ کر رہے ہیں ۔ موسم گرما کی وجہ سے عوام مکانات کی چھت یا آنگن میں سورہے ہیں جسکی وجہ سے سارق آسانی کے ساتھ مکان میں داخل ہوتے ہوئے سرقہ کی وارداتوں کو انجام دے رہے ہیں ۔ شمس آباد کرائم انسپکٹر سدرشن ریڈی نے کہا کہ سرقہ کی وارداتوں کو روکنے کیلئے پٹرولنگ بڑھا دی گئی ہے اور بہت جلد سارقوں کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا ۔ انہوںنے عوام سے اپیل کی کہ رات کو گھر سے باہر یا چھت پر سونے سے قبل دروازوں کو قفل ڈالے اور زیورات کو مکان میں رکھنے کے بجائے بینک لاکرس کا استعمال کریں تاکہ زیورات کا سرقہ نہ ہوجائے ۔ ہماری جانب سے سارقوں کو گرفتار کرنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے اور بہت جلد انہیں گرفتار بھی کرلیا جائے گا ۔ شمس آباد انسپکٹر کرائم سدرشن ریڈی نے کہا کہ اگر کوئی شخص رات کے وقت دعوت کیلئے روانہ ہوں تو مقامی پولیس کو ضرور اطلاع کریں۔ کالونی میں ہر ایک شخص ملکر کم از کم ایک واچ مین کو مقرر کریں تاکہ ان کی کالونی کی حفاظت کیلئے وہ رات بھر تیعنات رہ سکے اور کسی بھی مشتبہ حالت میں گھومنے والے شخص کو دیکھتے ہی فوراً مقامی پولیس کو اطلاع کریں ۔