شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ، 4 ہلاک

اسلام آباد 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 4 مشتبہ عسکریت پسند امریکہ کے ڈرون حملہ میں ہلاک ہوگئے جو ملک کے شورش زدہ شمالی وزیرستان میں ایک فوجی عمارت کو نشانہ بناکر کیا گیا تھا۔ یہ حملہ قطب فیل دیہات میں آدھی رات کے قریب میراں شاہ کے جنوب میں 5 کیلو میٹر کے فاصلہ پر کیا گیا۔ وزیرستان افغانستان کی سرحد سے متصل طالبان اور القاعدہ کے عسکریت پسندوں کا مستحکم گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ روزنامہ ڈان کے بموجب تین افراد ہلاک ہوگئے۔ ڈرون حملہ میں دو میزائیل فائر کئے گئے تھے۔ سیما سکیورٹی عہدیدار کے بموجب تین افراد ہلاک ہوگئے۔ پشاور میں ایک اور صیانتی عہدیدار نے حملہ کی توثیق کی۔ میراں شاہ کے ایک عہدیدار نے ہلاکتوں کی تعداد 4 ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ پانچواں شخص جو عسکریت پسند ہے ، شدید زخمی ہوا۔ مہلوکین کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی تاہم شبہ ہے کہ وہ افغان شہری تھے۔ اِس علاقہ پر تحریک طالبان پاکستان کا بھی اثر و رسوخ ہے۔