شمالی مشرقی شام کیلئے سعودی کے 100 ملین ڈالرس

دوبئی ۔ 17 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے آج ادعا کیا کہ شمالی مشرقی شام کے ان علاقوں میں جہاں کبھی دولت اسلامیہ کا قبضہ تھا ’’مستحکم پراجکٹس‘‘ کیلئے 100 ملین ڈالرس خرچ کئے ہیں۔ واشنگٹن میں واقع سعودی سفارتخانہ سے جاری ایک بیان کے مطابق مذکورہ رقم سے کئی زندگیاں بچائی جاسکتی ہیں جن سے بے گھر ہوئے شامی باشندوں کو دوبارہ آباد ہونے کا موقع ملے گا اور ساتھ ہی ساتھ اس بات کا تیقن بھی حاصل ہوجائے گا کہ دولت اسلامیہ اب ان علاقوں پر کبھی آنکھ اٹھا کر بھی نہیں دیکھے گی۔ نہ صرف شام بلکہ دیگر پڑوسی ممالک پر بھی نظر نہ رکھے گی اور ساتھ ہی ساتھ بین الاقوامی برادری پر کبھی بھی حملہ کرنے کا منصوبہ نہیں بنائے گی۔ بیان کے مطابق رقم کا بیشر حصہ زراعت، تعلیم، سڑکوں کی تعمیر، ملبہ کی صفائی اور خطہ میں آبی خدمات کو بہتر بنانے کی مد میں خرچ کیا جائے گا۔ مملکت کے مطابق بروسلز میں سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے شرکت کے موقع پر 100 ملین ڈالرس خرچ کرنے کا عزم کیا تھا اور یہ ’’مستحکم پراجکٹس‘‘ اسی عزم کا حصہ ہیں۔