قاہرہ 4 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) مصر کی فوج نے تشدد کا شکار شمالی سینائی علاقہ میں زبردست زمینی اور فوجی کارروائی کرتے ہوئے کم از کم 40 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ کل تخریب کاروں کے حملے میں 15 فوجی اور دو شہری علیحدہ واقعات میں ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد مصر کی فوج نے آج بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کیا تھا ۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ فوج نے شیخ زوید علاقہ کے جنوبی خطہ میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر فضائی اور زمینی حملے کئے ہیں جس کے نتیجہ میں یہ عسکریت پسند ہلاک ہوئے ۔ کہا گیا ہے کہ عسکریت پسندوں کے 20 ٹھکانوں اور سات گاڑیوں کو بھی فوجی کارروائی میں تباہ کیا گیا ہے ۔
یہ کارروائیاں کل شروع ہوئی تھیں۔ ایک نا معلوم عہدیدار نے الاہرام عربی اخبار کو بتایا کہ کچھ ایسے ممالک ہیں جو عسکریت پسندوں کی مدد کر رہے ہیں اور انہیں رقم اور ہتھیار فراہم کر رہے ہیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ پانچ عسکریت پسندوں کو اس کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا ہے ۔ پہلے زمینی حملے کئے گئے تھے جس کے بعد فضائی راستہ بھی اختیار کیا گیا ۔
عہدیدار نے کہا کہ شمالی سینائی میں مختلف مقامات پر مصری فوج کے فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ واضح رہے کہ کل فوج کے چیک پوائنٹس کو نشانہ بناتے ہوئے عسکریت پسندوں کی جانب سے حملے کئے گئے تھے جن میں کم از کم 15 فوجی اور دو عام شہری ہلاک ہوگئے تھے ۔ سینائی سے کام کرنے والے عسکری گروپ انصار بیت المقدس نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کی تھی ۔ اس گروپ نے حال ہی میں دولت اسلامیہ گروپ کی تائید کا اعلان کیا تھا ۔ مصر کے شمالی سینائی علاقہ میں جنوری 2011 سے صورتحال بگڑتی جا رہی ہے ۔ یہاں پہلے جمہوری طور پر منتخب صدر محمد مرسی کی بیدخلی کے بعد سے فوج اور سکیوریٹی فورسیس کو نشانہ بناکر کئے جانے والے حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ اب تک ان حملوں میں پانچ سوسے زیادہ سکیوریٹی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔