رائے گنج ( مغربی بنگال ) 6 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال کے شمالی دیناج پور میں آج عام زندگی متاثر رہی کیونکہ یہاں وی ایچ پی نے اپنے سینکڑوں کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف بند کا اعلان کیا تھا ۔ تمام دوکانیں ‘ کاروباری ادارے ‘ مرکزی اور ریاستی حکومت کے دفاتر ‘ اسکولس اور کالجس بند رہے ۔ چند بسیں پولیس پہرہ کیساتھ چلائی گئیں اور خانگی بسیں بھی کم تعداد میں چلائی گئیں۔ تاہم ٹرین خدمات معمول کے مطابق رہیں۔ ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس ایچ ڈبلیو رضا نے کہا کہ بند پرامن رہا ہے اور کسی طرح کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج صبح زبردستی بند کروانے کی کوشش کرنے والے وی ایچ پی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا تھا ۔