ممبئی۔14ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی سابق بیٹسمین وی وی ایس لکشمن نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے اہم ترین میچ میں روہت شرما کی ٹیم کیلئے پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک کافی مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شعیب ملک اسپن بولنگ کا اچھی طریقے سے مقابلہ کرتے ہیں اور وہ اپنے تجربے کا ہندوستان کے خلاف فائدہ اٹھائیں گے جبکہ یزویندر چہل اور کلدیپ یادیو کی موجودگی میں ہندوستانی ٹیم اسپنرز کے ساتھ مضبوط مقابلہ کرے گا اور پاکستان کا انحصار اپنے اوپنر فخر زمان اور نمبر تین پر کھیلنے والے بیٹسمین بابر اعظم پر ہوگا لیکن ان کے بعد آنے والے شعیب ملک میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک ونڈے میچوں میں ہندوستان کیخلاف اپنے بہترین اسکور سمیت عمدہ کارکردگی کے مالک رہے ہیں۔