شعیب کیساتھ میری شادی بکھراؤ پر نہیں : ثانیہ

کراچی ، 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ایسی اطلاعات کو مسترد کردیا ہے کہ پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کے ساتھ اُن کی شادی مشکل میں پڑی ہے۔ شعیب اور ثانیہ کے اختلافات اور علحدگی کی خبریں میڈیا میں کئی مہینوں سے زیرگشت ہیں، لیکن ہندوستانی ٹینس کھلاڑی نے جو اپنے سسرال کے آبائی مقام سیالکوٹ کو نجی دورے پر آئیں، یہ وضاحت کی کہ اُن کی شادی میں ہلچل ہونے سے متعلق رپورٹس غیردرست ہیں۔ ثانیہ نے کہا، ’’ہماری شادی پُرسکون نہیں رہی ہے کیونکہ ہم پروفیشنل اتھلیٹس ہیں اور مختلف ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں اور ہمیں اندازہ تھا کہ وقت کے ساتھ تناؤ آئے گا لیکن ہم نے ابھی تک حالات سے اچھی طرح نمٹا ہے۔ ہمارے درمیان بالکلیہ کوئی مسائل نہیں ہیں‘‘۔ انھوں نے مزید کہا: ’’میں سیالکوٹ محض اس لئے آئی کہ میرے شوہر اور سسرال کے ساتھ کچھ وقت گزار سکوں قبل اس کے کہ یورپ میں میری سرکٹ مصروفیات شروع ہوجائیں۔

میں نے کافی اچھا وقت گزارا اور بس تفریحی کھانوں اور دل بھر کے خریداری میں مصروف رہی کیونکہ میں میڈیا کی نظروں سے دور تھی‘‘۔ ثانیہ اور شعیب کے اختلافات کی قیاس آرائیاں دونوں اسپورٹس شخصیتوں کے درمیان مسلسل دوری کے سبب زور پکڑ گئیں، لیکن ثانیہ نے وضاحت کی کہ یہ قابل فہم ہے کیونکہ دونوں کی اپنی پروفیشنل مصروفیات رہی ہیں۔ ’’یہ ہم دونوں میں سے کسی کیلئے بھی آسان معاملہ نہیں رہا ہے لیکن ہم نے حتی المقدور نبھانے کی کوشش کی ہے اور میں آپ سے کہہ سکتی ہوں کہ مجھے ہنوز شعیب سے اتنی ہی محبت ہے جیسے ہم میں تب تھی جب ہماری چار سال قبل شادی ہوئی تھی‘‘۔ ثانیہ نے نشان دہی کی کہ شادی شدہ زندگی اور پروفیشنل ٹینس کیریئر کو ساتھ ساتھ لے کر چلنا مشکل امر ہے اور بعض اوقات اعصاب شکن ہوتا ہے۔ ’’لیکن ہمیں مستقبل کو دیکھنا ہے‘‘۔

ٹینس اسٹار نے یہ بھی واضح کردیا کہ انھیں پاکستان آنا اچھا لگتا ہے اور اگر اس ملک میں کوئی انٹرنیشنل ایونٹ منعقد کیا جاتا ہے تو انھیں حصہ لینے میں کوئی پریشانی نہیں ہے۔ ’’میں جانتی ہوں پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال کے تعلق سے بہت کچھ کہا جاتا ہے لیکن مجھے پاکستان آنے میں کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ یہ میرا سسرال ہے‘‘۔ ثانیہ نے کہا کہ وہ شاپنگ میں مصروف رہیں اور لب سڑک ملنے والے ’فروٹ چاٹ‘ کا لطف بھی اٹھایا ہے۔

’’جب میں بازاروں کو گئی تو ابتداء میں دکانداروں کو تعجب ہوتا کہ آیا میں (واقعی) ثانیہ مرزا ہوں لیکن جب وہ میرے ساتھ شعیب کو دیکھتے تو انھیں میرا یقین ہوتا اور آٹوگراف دینے اور تصویرکشی کرانے میں کافی مزہ آیا۔ کوئی مشکل ٹینس سرکٹ شروع ہونے سے قبل خود کو ہلکے پھلکے کرلینے کا یہ بہترین طریقہ ہے‘‘۔ یہ بیان کرتے ہوئے کہ وہ کرکٹ کی پرستار ہیں اور حالیہ ورلڈ T20 ٹورنمنٹ کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف ہندوستان کی ناکامی پر مایوس ہوئیں، ثانیہ نے کہا، ’’میں نے یہ فائنل کا سیالکوٹ میں مشاہدہ کیا اور ہم سب ہندوستان کی جیت کے متمنی تھے لیکن وہ سری لنکا کا دن رہا‘‘۔ ثانیہ نے یہ بھی کہا، ’’میری یہ دعا بھی ہے کہ شعیب جلد ہی فام میں آجائیں کیونکہ وہ بدستور اہم کھلاڑی ہیں۔ ہر ٹاپ کرکٹر اپنے کیریئر میں نشیب و فراز سے گزرتا ہے لیکن شعیب ٹاپ کھلاڑی ہیں ، یہی وجہ ہے کہ بیرونی T20 لیگس میں اُن کی مانگ ہے‘‘۔ ثانیہ نے کہا کہ وہ 18 اپریل کو یورپ کیلئے روانہ ہورہی ہیں۔