شعیب ملک کی ورلڈکپ میں شرکت پر سوالیہ نشان

کراچی۔30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) سرفراز احمد کی جگہ ٹیم کی قیادت سنبھالنے والے آل راؤنڈر شعیب ملک کی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شمولیت پر سوالیہ نشان لگ گیا کیونکہ حالیہ عرصے کے دوران ونڈے میچوں میں اوسط درجے کی کارکردگی کے بعد آسٹریلیا کیخلاف تیسرے ونڈے میں پسلی میں تکلیف نے ان کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ آسٹریلیا کیخلاف چوتھے میچ میں شعیب ملک کی جگہ عماد وسیم کو کپتانی سنبھالنی پڑی جس کے نتیجے میں آل راؤنڈر کی میگاایونٹ میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔گزشتہ 26 ونڈے میچوں میں شعیب ملک صرف تین نصف سنچریوں کی مدد سے555 رنز بنا سکے ہیں کیریئر کے 282 ونڈے میچوں میں 7481 رنز بنانے اور 156 وکٹیں حاصل کرنے والے شعیب ملک نے اپنی آخری سنچری پراویڈنس میں ویسٹ انڈیز کیخلاف اپریل 2017ء میں بنائی تھی جبکہ گزشتہ گیارہ اننگز میں وہ ایک نصف سنچری ہی بنا سکے ہیں۔ آل راؤنڈر کہلائے جانے والے شعیب ملک کی گزشتہ 28 میچوں میں صرف دو وکٹیں ہیں کیونکہ انہوں نے 17میچوں میں بولنگ ہی نہیں کی اور حالیہ گیارہ میچوں میں ایک اوور ان کی بطور آل راؤنڈراہلیت پر منفی داغ ہے۔