کراچی۔ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک اور فاسٹ بولر محمد سمیع کو آج پاکستانی ٹیم میں دوبارہ طلب کیا گیا ہے جوکہ مہمان ٹیم زمبابوے کے خلاف دو ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں میزبان ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ تقریباً تین برس بعد ان کھلاڑیوں کی پاکستانی ٹیم میں واپسی ہورہی ہے۔ فاسٹ بولر محمد سمیع کو تقریباً ڈھائی برس بعد 15 رکنی پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ شعیب ملک نے اپریل 2014ء میں آخری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا کہ گزشتہ روز فیصل آباد میں اختتام ہوئے نیشنل سوپر 8 ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں ان کھلاڑیوں کے مظاہرے کافی بہترین رہے لہٰذا انہیں زمبابوے کے خلاف ٹوئنٹی20 سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ 34 سالہ سمیع کیلئے یہ ایک اہم واپسی ہے کیونکہ جون 2012ء میں آخری مرتبہ انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کی تھی جس کے بعد سے محمد عرفان، راحت علی، احسان عادل اور سہیل خان ٹیم کے اہم بولروں کے طور پر اُبھرے ہیں۔ ملک کی واپسی اس لئے ہوئی کیونکہ ان کی زیرقیادت سیالکوٹ اسٹیالینس نے 8 ٹیموں کے گھریلو ٹورنمنٹ سوپر 8 ایونٹ میں خطابی کامیابی حاصل کی ہے۔ سلیکٹروں نے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل کو ٹیم میں دوبارہ شامل کیا ہے جنہیں تادیبی کارروائی کی وجہ سے دورۂ بنگلہ دیش کے لئے پاکستانی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ ٹیم میں آل راؤنڈر حماد اعظم کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ عماد وسیم اور نعمان انور کو پہلی مرتبہ ٹیم کی نمائندگی کا موقع دیا گیا ہے کیونکہ ان نوجوان کھلاڑیوں نے گھریلو مقابلوں میں متاثرکن مظاہرے کئے ہیں۔ ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کریں گے جبکہ جمعہ کو پہلا اور اتوار کو دوسرا ٹوئنٹی 20 مقابلہ کھیلا جائے گا۔