ابو ظہبی ۔ 2 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سوپر 8کرکٹ اسٹارزنامی ایک ٹورنمنٹ کو امارات کرکٹ بورڈ کی منظوری سے منعقد کیا جاتا ہے جس کا بنیادی مقصد نئے کھلاڑیوں کی تلاش ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اس ایونٹ کو مختلف کاروباری کمپنیاں اور این جی اوز اسپانسر کرتی ہیں۔ اس ایونٹ کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کیلئے ماضی کے اسٹارس کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں جس کے تحت شعیب اختر کو سوپر ایٹ کرکٹ اسٹارز کا برانڈ ایمبیسڈر بنایا گیا ہے ۔ وہ اس ٹورنمنٹ میں ایکشن میں بھی نظر آئیں گے ۔ اُن کے علاوہ انگلینڈ کے سابق اسٹار بیٹسمین کیون پیٹرسن کو بھی ایونٹ میں مدعو کیا گیاہے اور وہ بھی میدان پر نظر آئیں گے ۔ اس ٹورنمنٹ میں سولہ سے اٹھارہ سال کی عمر کے کھلاڑیوں کو شامل کیا جاتا ہے۔ پیٹرسن اور اختر کو دس ہزا ر تماشائی کھیلتے ہوئے دیکھیں گے۔