شعور بیدار کرنے والے ہی حق رائے دہی سے محروم

برہما نندم اور شریک حیات کو مایوسی، فہرست رائے دہندگان سے نام غائب
حیدرآباد /30 اپریل (سیاست نیوز) کل تک حق رائے دہی سے استفادہ کی رائے دہندوں سے اپیل کرنے والے تلگو فلموں کے کامیڈین برہما نندم ووٹ دینے سے محروم ہو گئے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے رائے دہی کے لئے عوامی شعور بیدار کرنے برہما نندم کی خدمات حاصل کی تھی اور وہ تلگو چینلوں پر پیش کئے جانے والے اشتہار کے ذریعہ عوام کو ووٹ دینے کی ترغیب دے رہے تھے، تاہم آج وہ اپنی شریک حیات کے ساتھ جیسے ہی پولنگ اسٹیشن پہنچے، فہرست رائے دہندگان سے ان کا نام غائب تھا۔

وہ بغیر ووٹ ڈالے پولنگ اسٹیشن سے واپس ہو گئے۔ اطلاعات کے بموجب اس طرح ہزاروں افراد کے نام فہرست رائے دہندگان سے غائب پائے گئے، جب کہ کئی رائے دہندوں نے شکایت کی کہ انھوں نے ماضی میں ووٹ دیا تھا اور ان کے پاس ووٹر شناختی کارڈ بھی موجود ہے، تاہم فہرست رائے دہندگان میں نام نہ ہونے کی وجہ سے انھیں حق رائے دہی سے محروم ہونا پڑا۔ چیف الکٹورل آفیسر بھنور لال سے جب اس سلسلے میں سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کے لئے موقع فراہم کیا گیا تھا، اگر رائے دہندے اس وقت فہرست کا جائزہ لیتے تو انھیں اپنے نام کی موجودگی اور غائب ہونے کا علم ہو جاتا، تاہم ان سہولتوں سے استفادہ نہیں کیا گیا۔