شعبہ خواتین ٹی آر ایس رحیم النساء مستعفی

پارٹی سربراہ چندر شیکھر راو کے رویہ سے دلبرداشتہ

ورنگل ۔ یکم اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کے سی آر ہٹاؤ تلنگانہ بچاؤ ، کے سی آر کے بس میں رہے تو تلنگانہ کو ہی فروخت کردیں گے، کے سی آر صرف بلند بانگ دعوؤں اور جھوٹے وعدوں کے ماہر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ٹی آر ایس کی سینئر لیڈر رحیم النساء بیگم نے ورنگل پریس کلب میں پریس کانفرنس میں ٹی آر ایس پارٹی کے عہدے اور پارٹی سے استعفیٰ دیتے ہوئے کیا ۔ رحیم النساء نے کہا کہ سی آر کی وجہ سے ہی آج استعفیٰ دینا پڑ رہا ہے ۔ کے سی آر مسلمانوں کے کبھی ہمدرد نہیں ہوسکے۔ آج تلنگانہ ریاست کے سی آر کی وجہ سے نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں سونیا گاندھی ، میرا کماری ، سشما سوراج کی بدولت تلنگانہ ریاست کی تشکیل عمل میں آئی ، آج کے سی آر پارٹی ٹکٹ تلنگانہ کے خلاف کام کرنے والوں کو فروخت کر رہے ہیں ۔ کے سی آر مسلمانوں کے کبھی بھی ہمدرد نہیں ہوسکتے، محبوب نگر میں سید ابراہیم کو ٹکٹ دیکر واپس لیا گیا ۔ رحیم النساء بیگم ریاستی سکریٹری شعبہ خواتین جو گزشتہ 14 سالوں سے ٹی آر ایس میں کام کر رہی تھیں جنہوں نے کئی مرتبہ جیل کی قید و بند کی صعوبتیںبرداشت کیں ، ان کے خلاف تقریباً 150 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ گلی سے لیکر دہلی تک رحیم النساء نے ہر احتجاج میں حصہ لیا ۔ ہر احتجاج کے وقت یہ اخباروں کی سرخیوں اور ٹی وی چینل میں نظر آنے والی خاتون لیڈر کو کے سی آر نظر انداز کرنے سے دل برداشتہ ہوکر انہوں نے ٹی آر ایس پارٹی سے آج استعفیٰ دیا۔ رحیم النساء بیگم نے کہا کہ کے سی آر مسلمان کو ڈپٹی چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کرتے ہیں لیکن مسلمانوں کو پار ٹی ٹکٹ نہیں دیتے۔ تلنگانہ میں کے سی آر کا نام و نشان مٹادینے کی انہوں نے 4 کروڑ عوام سے اپیل کی ۔