بیدر میں سنی دعوت اسلامی کے زیراہتمام احتجاجی جلسہ عام ‘ قاری محمد شاکر علی نوری کا خطاب
بیدر8ستمبر)سیاست ڈسٹرکٹ نیوز (تاریخ شاہد ہے کہ جب جب کسی نے خدا ہونے رسول ہونے کا دعوی کیا ہے تو اللہ سبحانہ تعالیٰ نے اُس کو دنیا ہی میں اتنا ذلیل کیاہے کہ کسی دل میں بھی اُس کے لئے کوئی جگہ نہیں رکھی وہ ہمیشہ کیلئے نفرت کی نگاہوں سے ہی دیکھا جاتارہا اور جب بھی کسی نے اللہ اور شعائر اسلام کے بارے میں گستاخی کی ہے اللہ کے بندوں نے اُس کو اُس کے انجام تک پہنچایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار حضرت العلامہ مولانا حافظ و قاری محمد شاکر علی نوری امیر سنی دعوت اسلامی ممبئی نے ممتاز فنکشن ہال بیدر میں مسلمانان بیدروعالمی تحریک سنی دعوت اسلامی شاخ بیدر کے زیر اہتمام منعقدہ ایک زبر دست احتجاجی جلسہ بعنوان شان رب العالمین و عظمت شعائر اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا نے کہا کہ نمرود نے خدائی کا دعویٰ کیا تھا اللہ سبحانہ تعالیٰ نے مچھر کے ذریعہ سے اُس کو ہلاک کردیا ۔ اللہ نے نمرود کے دماغ میں مچھر چھوڑا جو چارسو برس تک اُس کے دماغ میں موجود رہ کر تکلیف دیتا رہا۔مولانا محمد شاکر علی نوری نے اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے مزید کہا حضرت عیسیٰ ؑ کی والدہ حضرتہ مریم ؑ پر الزام لگایا گیا تو حضرتہ مریم ؑنے حضرت عیسٰی ؑکی طرف اشارہ کیا حضرت عیسیٰ ابھی جھولے میں نومولود تھے حضرت عیسیٰ ؑ نے جواب دیا کہ میں اللہ کا بندہ ہوں اور اللہ نے مجھے کتاب اور نبوت عطا کیا ۔ مولانا نے بیشمار دینی مسائل پر سیر حاصل روشنی ڈالتے ہوئے تلقین کی کہ روزانہ نمازوں کا پابندی کے ساتھ اہتمام کریں اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کے ہدایتوں پر عمل کریں۔ مولانا اکبر الدین شامی خطیب وامام مسجد صوفیہ کنج نشین بیدر نے کہا دنیا میں جتنے جاندار غیر جاندار چیزیں انسان ، حیوان ،درخت ، چرند،پرند، ہیں یہ سب اللہ کا ذکر ، تسبیح اور پاکی بیان کرتی ہیں۔ اللہ سبحانہ تعالیٰ نے کم و بیش ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء کو دنیا میں بھیجا اور تمام اللہ کے دین کی تبلیغ و اشاعت کرتے رہے ۔ اور آخر میں اللہ رب العزت نے رسول اقدس ﷺ کو تمام کائنا ت کیلئے رحمۃ اللعالمین بناکر بھیجا ۔ اللہ فرماتاہے کہ تم میرے حبیب کی ایک ایک سنت پر عمل کرو اس سے تمہاری دنیا وآخرت سنور جائے گی۔ آج ہم پیچھے اس لئے ہیں کہ قرآن و صاحب قرآن ؐکے احکامات سے غافل ہوگئے ہیںہمیں چاہیئے کہ پابندی کے ساتھ خشوع و خضوع کے ساتھ نمازوں کا اہتمام کریں۔قرآن مجید مقد س کتاب ہے جس کو پوری دنیا میں پابندی کے ساتھ پڑھا جاتاہے جس میں تمام مشکلات کا حل موجود ہے ۔آج بعض چھوٹے چھوٹے گاؤں میں ایسے بھی لوگ ہیں کہ اُن کے نام کے آگے محمد ہوتاہے لیکن جب کوئی اُن سے سوال کرتاہے محمد کون ہیں تو وہ اس بات میں جواب دیتے ہیں کہ نہیں معلوم ۔سنی دعوت اسلامی کا مقصد یہی ہے کہ قرآن اور صاحب قرآن کی تعلیمات کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچائیں۔جلسہ کی کاروائی کا آغاز حافظ محمد محبوب گلبرگہ کی قرأ ت کلام پاک سے ہوا ۔ حسین نوری ،سید حسین رضوی گلبرگہ اور دیگر نے حمد و نعت و منقبت کا نذرانہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ شہ نشین پر علمائے دین ،معززین شہر و دیگر موجود تھے ۔ سید ظہور ہاشمی نوری، محمد تاج الدین نوری، محمد رفیع الدین نوری ، سراج الدین نوری ،لئیق احمد رضوی نوری ، ڈاکٹر محمد عبدالسلیم نوری ، محمد آصف نوری نے علمائے دین کا استقبال اور انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔مولانا سید حسین قادری خطیب و مدر س دارالعلوم گلشن ماں صاحبہ گلبرگہ نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔محمد رفیع الدین نوری صدرمرکزی تنظیم اہلسنت و جماعت نے اظہا رتشکر کیا۔ رات دیر گئے سلام، فاتحہ دعائے سلامتی کے ساتھ یہ احتجاجی جلسہ تکمیل پذیر ہوا۔