نئی دہلی 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کو آج وزیر اعظم نریندر مودی کی شکل میں ایک مداح مل گیا جبکہ انہیں اپنی پارٹی صدر سونیا گاندھی سے سخت سست سننی پڑی تھی ۔ مودی نے عوامی سطح پر اظہار خیال میں ششی تھرور کی صلاحیتوں کی ستائش کی جبکہ ان کی ستائش کے اس وقت پر سوال کئے جا رہے ہیں۔ مودی نے قومی مسائل پر پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہوتے ہوئے آزادانہ اظہار خیال کرنے ششی تھرور کی صلاحیتوں کی ستائش کی ۔ ششی تھرور وہ واحد کانگریسی رکن پارلیمنٹ تھے جنہوں نے اسپیکر لوک سبھا کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کی تھی ۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ کو مختلف مسائل اٹھانے میں اسپیکر کی کوشش سے متعلق ورکشاپ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آکسفورڈ بحث کی بہت اہمیت ہے ۔ یہ اچھی بات ہے کہ ششی جی یہاں موجود ہیں۔ جو کچھ انہوں نے کہا ہے وہ ہندوستانی شہریوں کے جذبات کی عکاسی ہے ۔ان کی تعریف ایسے وقت میں کی گئی ہے جبکہ ایک دن قبل ہی انہیں پارٹی سربراہ سونیا گاندھی نے انہیں سخت سست سنائی تھیں۔ ششی تھرور نے پارلیمنٹ کی کارروائی میں رکاوٹ کے خلاف اظہار خیال کیا تھا جس پر سونیا گاندھی ناراض تھیں۔