ششی تھرور ایک اہم پارٹی لیڈر کانگریس کی وضاحت

نئی دہلی 14 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج کہا کہ ششی تھرور پارٹی کے ایک اہم لیڈر ہیں تاہم بحیثیت ترجمان ان کی علیحدگی ایک ختم شدہ باب ہے ۔ واضح رہے کہ کل ہی کانگریس نے ششی تھرور کو پارٹی ترجمان کی حیثیت سے بیدخل کردیا تھا ۔ کانگریس کے ترجمان اجوئے کمار نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تھرور ایک اہم لیڈر ہیں ۔ وہ خارجی امور پر پارلیمانی اسٹانڈنگ کمیٹی کے صدر نشین ہیں ۔ ان کے خیال میں ترجمان کی حیثیت سے ان کی علیحدگی کا مسئلہ اب نہیں اٹھایا جانا چاہئے ۔ خود ششی تھرور نے یہ فیصلہ قبول کرلیا ہے اس لئے یہ ایک ختم شدہ باب ہے ۔ کانگریس نے ششی تھرور کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کی ستائش کرنے پر انہیں کانگریس ترجمان کی حیثیت سے علیحدہ کردیا تھا ۔ تھرور کیرالا میں تھرو اننتا پورم کے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ ششی تھرور نے کل ہی کہا تھا کہ وہ پارٹی کے ایک وفادار کارکن کی حیثیت سے اس فیصلے کو قبول کرتے ہیں تاہم ان کے خیال میں اس مسئلہ پر انہیں ان کا موقف پیش کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ ریاستی یونٹ کو اپنے موقف کی وضاحت کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے تھرور کے ان ریمارکس پر سوالات کو مسترد کردیا اور کہا کہ خود تھرور نے یہ فیصلہ قبول کرلیا ہے اور اب اس پر مزید تبصرہ کی ضرورت نہں ہے ۔ تھرور کے خلاف کیرالا کانگریس نے رپورٹ تیار کرکے کل ہند کانگریس کی تادیبی کارروائی کمیٹی کو پیش کی تھی جس کی سفارش پر انہیں علیحدہ کردیا گیا تھا ۔