ششانک منوہر کا آئندہ ماہ دورۂ پاکستان؟

دبئی ۔3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) چیئرمین پی سی بی شہریار خان اگلے ماہ اپنے عہدے کی مدت پوری کر رہے ہیں اس لئے انہوں نے اپنی رخصتی سے قبل ششانک منوہر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی تھی جو انہوں نے قبول کرلی۔ چیئرمین آئی سی سی کے دورہ سے ورلڈ الیون کی پاکستان آمد کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوگی۔ دریں اثناء آئی سی سی پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے کوشاں ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال ستمبر میں پاکستان آنے والی ورلڈ الیون لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی جو بین الاقوامی موقف کے حامل ہوں گے۔ آئی سی سی نے ان میچوں کے پاکستان میں کامیابی سے انعقاد کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ دورے کیلئے تمام تر تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور جلد ہی تفصیلات سامنے آجائیں گی۔