نئی دہلی ، 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈین کرکٹ بورڈ کے سربراہ ششانک منوہر نے ’بگ تھری‘ کے نظریہ کی مخالفت کر دی ہے۔ ایک اخبار کو انٹرویو میں منوہر نے کہا ، ’’میں اس بات سے بالکل بھی اتفاق نہیں کرتا کہ کرکٹ کی باگ ڈور صرف 3 ممالک کے پاس ہونی چاہئے، میں نے ہمیشہ یہی کہا ہے کہ کوئی بھی ادارہ انفرادیت سے بڑا ہوتا ہے‘‘۔ انھوں نے کہا کہ آئی سی سی کے موجودہ دستور کے مطابق کرکٹ کے تمام معاشی اور کمرشل معاملات صرف ’’بگ تھری‘‘ کے پاس ہیں جو کہ بالکل غلط ہے۔ آئی سی سی کے اراکین میں بہترین لوگوں کا چناؤ ہونا چاہئے، چاہے وہ زمبابوے سے ہو یا پھر ویسٹ انڈیز سے یا پھر کسی اسوسی ایٹ ملک سے تعلق رکھتا ہو۔ اگر آئی سی سی کے مفاد کیلئے بہتر ہے تو اسے آئی سی سی کی کمیٹی میں شامل ہونا چاہئے۔ ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ (بگ تھری) کے علاوہ دیگر کرکٹ بورڈز کے پاس بھی بہت قابل لوگ موجود ہیں۔ صدر بی سی سی آئی نے کہا کہ یہ کہنے میں تو بہت اچھا لگتا ہے کہ آئی سی سی سے حاصل ہونے والے ریوینیو کا 22 فیصد ہندوستان کو ملے گا لیکن آپ صرف طاقت کے بل بوتے پر غریب کو مزید غریب اور امیر کو امیر تر نہیں کر سکتے کیونکہ کرکٹ پوری دنیا میں کھیلی جاتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ دوسرے ممالک کی ٹیمیں ہندوستان میں کھیلنے آتی ہیں تو بی سی سی آئی کو زبردست آمدنی ہوتی ہے، اگر سخت حریف یہاں نہیں آئیں گے تو پھر براڈ کاسٹرز بھی آپ کو اسپانسر نہیں کریں گے، اگر صرف کمزور ٹیمیں ہی ہندوستان میں کھیلنے کیلئے آئیں گی تو پھر میچ دیکھنے کون آئے گا اور کون آپ کو اسپانسر کرے گا۔
اقبال ، شردل نے ممبئی کو جتوایا
ممبئی ، 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) لوور آرڈر کے اقبال عبداللہ (39*) اور ایس ٹھاکر (38*)کی بیٹنگ کی مدد سے ممبئی نے مدھیہ پردیش (ایم پی) کو آج یہاں تین وکٹ سے ہرا کر رانجی ٹروفی 2015ء کے ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔ گروپ B کے میچ میں پہلی اننگز میں 78 رنز سے پچھڑنے کے بعد میزبانوں نے ایم پی ٹیم کو دوسری اننگز میں 201 پر آؤٹ کیا جبکہ پہلے اس نے 240 رنز بنائے تھے۔ 280 کے ٹارگٹ پر جے بسٹا نے 74 اور ادتیہ تارے نے 45 رنز بنائے۔