ششانک منوہر انڈین کرکٹ بورڈ کے صدر منتخب

ممبئی۔4 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان میں کرکٹ کے ادارے بی سی سی آئی نے ششناک منوہر کو بغیر کسی مخالفت کے اتفاق رائے سے نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔خیال رہے کہ انھیں بی سی سی آئی کا دوسری بار صدر منتخب کیا گیا ہے۔ ششانک منوہر اس سے قبل وہ 2008ء سے 2011ء کے درمیان صدر تھے۔ اطلاعات کے مطابق انہیں 2017ء تک کے لیے صدر منتخب کیا گیا ہے۔ اس سے قبل وہ 2008ء سے 2011ء کے درمیان صدر تھے۔ ہندوستانی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق ان کے نام کا اعلان اتوار کو ہندوستان کے شہر ممبئی میں ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی ہنگامی اجلاس کے بعد کیا گیا ہے۔کہا جاتا ہے کہ انھیں ہندوستان کے تمام علاقائی بورڈ نے صدر کے لیے نامزد کیا تھا۔واضح رہے کہ سابق صدر جگموہن ڈالمیا کی اچانک موت کے بعد صدارت کا عہدہ خالی ہونے کے بعد یہ انتخابات ناگزیر ہو گئے تھے۔ششانک منوہر واحد شخص تھے جنھوں نے عہدے کے لیے نامزدگی داخل کی تھی اور یہی خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ صدر منتخب ہوجائیں گے ۔اس سے قبل ان کے پہلے دور کا اختتام این سری نواسن کے صدر بننے کے ساتھ ہوا تھا۔نامہ نگاروں کے مطابق ان کا دوسرا دور ہندوستانی کرکٹ کے لیے نیا دور ہوگا کیونکہ حالیہ دنوں ہندوستانی کرکٹ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں بدعنوانیوں کے مسائل سے دو چار نظر آیا تھا۔رواں سال مارچ کے مہینے میں سرینواسن کو آئی پی ایل کے سکینڈل میں ان کے داماد کے شامل ہونے کے الزامات کے بعد بی سی سی آئی کے عہدے سے مستعفی ہونا پڑا تھا اور ان کی جگہ جگموہن ڈالمیا کو صدر منتخب کیا گیا تھا۔