شریک حیات کی رائے کا احترام خوشگوار زندگی کی بنیاد

آپ کا جیون ساتھی جو بھی بات کرے اسے نہایت توجہ کے ساتھ سنیںاور اس کی باتوں کو نظر انداز نہ کریں کیونکہ رشتوں میں ذرا سی توجہ ازدواجی زندگی میں خوشیوں کے رنگ بھرسکتی ہے ۔زندگی کی اونچ نیچ میں کبھی بھی خود غرضی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شریک حیات کو یہ جتانے کی کوشش نہ کریں کہ آپ نے ایسا یا ویسا کیا کیونکہ یہ بات رشتوں میں دوریاں پیدا کرنے کا سبب بن سکتی ہے ۔ دوسرے کو اہمیت نہ دینا بھی تعلقات میں خرابی کا سبب بن سکتا ہے ۔ اسی لئے آپس میں بات چیت اور مختلف مسائل پر بحث و مباحثے کے دوران دیگر کاموں کو چھوڑ کر تمام تر توجہ اسی بات پر مبذول کریں یہ رویہ آپ کے شریک حیات کو احساس دلائے گا کہ وہ آپ کی زندگی میں کس قدر اہمیت کا حامل ہے ۔ آپ اسے احساس دلائیں کہ آپ اس سے شفقت ، رغبت اور زندگی کی اونچ نیچ میں اس کا ساتھ دینے کی خواہش رکھتے ہیں ۔ مثبت انداز گفتگو کی وجہ سے بات زیادہ پراثر ثابت ہوگی اور وہ آپ کی رائے کا احترام کرنے لگے گا ۔